ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سبھاش چندر بوس پر دئے گئے بیان پر کانگریس نے کیا جوابی وار ؛ کہا، وزیراعظم مودی غلط تاریخ پڑھارہے ہیں

سبھاش چندر بوس پر دئے گئے بیان پر کانگریس نے کیا جوابی وار ؛ کہا، وزیراعظم مودی غلط تاریخ پڑھارہے ہیں

Mon, 22 Oct 2018 02:55:02    S.O. News Service

نئی دہلی 21 اکتوبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کے صبح لال قلعہ سے پارٹی پر لگائے گئے الزامات کو پوری طرح جھوٹا قراردیا اور کہا کہ وزیراعظم ملک کی غلط تاریخ پڑھارہے ہیں۔

پارٹی کے رہنما اور ترجمان ڈاکٹر ابھیشیک منو سنگھوی نے آج پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں ایک اخباری کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی آزادی کی تحریک کی وراثت پر اپنا تسلط قائم کرنا چاہتی ہے۔کانگریس نے مودی پر راست حملہ بولتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اعلیٰ آئینی عہدے پر رہ کرچوبیسوں گھنٹے سیاست کی بات کرتے ہیں ۔سنگھوی نے سوال کیا کہ کیا لال قلعہ سے ایسا کرنا وزیر اعظم کو زیب دیتا ہے؟ بوس اور پٹیل کو سیاست میں لے کر آنا کیا صحیح ہے؟

کانگریس نے مودی کو گھیرتے ہوئے کہا کہ جیسے بن پانی مچھلی تڑپتی ہے ویسے ہی تحریک آزادی کی عظیم وراثت سے محروم بی جے پی اس پر قبضہ جمانے کے لیے تڑپ رہی ہے۔کانگریس کے ترجمان کے مطابق بی جے پی آر ایس ایس کے نظریات اور نیتا جی کے نظریات بالکل مختلف تھے ۔ نیتا جی کانگریس صدر رہے، آزادی کے بعد پہلی تقریر میں نہرو جی نے نیتا جی کو یاد کیا تھا۔ نہرو نے آزاد ہند فوج کے ارکان کے لئے عدالت میں قانونی لڑائی لڑی نہ کہ کسی آر ایس ایس کے رکن نے۔

سنگھوی نے کانفرنس میں یہ بھی کہا کہ نیتا جی نے این سی پی نیشنل پلاننگ کمیٹی بنائی تھی، جسے بعد میں نیشنل پلاننگ کمیشن بنایا گیا۔ مودی حکومت نے اسے ختم کرکے پالیسی کمیشن کی شکل میں تشکیل دیا ۔سنگھوی نے آگے کہا کہ کانگریس حکومتوں نے نیتا جی کی وراثت کومحفوظ کرکے رکھا ہے ۔ نیتا جی نے فرقہ وارانہ تنظیموں جیسے ہندو مہاسبھا اور مسلم لیگ کے خلاف مضامین لکھے تھے۔ جب نیتا جی تحریک چلا رہے تھے، تب ساورکر مہم چلا رہے تھے کہ برطانوی فوج میں بھرتی ہونا چاہئے۔ وہی برطانوی فوج جو آ ئی این اے سے لڑ رہی تھی۔سنگھوی نے مودی کے الزامات کی تردید کی اورکہا کہ گاندھی جی کو نیتا جی نے ہی ’’بابائے قوم ‘‘ کہا تھا۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو تاریخ کا علم نہیں ہے، مگر سیاست کرنے سے باز نہیں آتے بلکہ الٹی تاریخ پڑھاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیتا جی سبھاش چندر بوس کے ذریعہ قائم آزاد ہند فوج حکومت کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر وزیر اعظم نے نیتا جی کے بہانے سابقہ کانگریس حکومتوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس ملک میں ایک خاندان کو بڑا ثابت کرنے کے لئے بھارت ماں کے کئی سپوتو ں کو بھلادیا گیا۔پی ایم مودی نے نیتا جی کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ایک خاندان کو بڑا بتانے کے لئے، ملک کے کئی سپوتو ں پھر وہ وہ چاہے سردار پٹیل ہوں، بابا صاحب امبیڈکر ہوں، یا پھر نیتا جی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ان کے لئے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ملک کے لئے سبھاش چندر بوس نے جو کیا، اس ملک کے سامنے رکھنے اور ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر چلنے کا موقع انہیں مل رہا ہے۔ 


Share: